اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے خلاف عدالتی فیصلہ آیا تو پھر فیصلہ عوام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ابھی تو عمران خان نے عوام کو روکا ہوا ہے لیکن اگر عدالت میں عمران خان کے خلاف فیصلہ آیا تو پھر فیصلہ عوام کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈھائی بجے ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا 5 رکنی لارجر بنچ عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کرے گا اور اس حوالے سے ہائیکورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کے اندر اور باہر پولیس، ایف سی اور ٹریفک اہلکاروں کو تعینات کرنے کے علاوہ ہائیکورٹ کے اطراف میں خارداریں تاریں بھی لگائی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق توہین عدالت کے کیس میں عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو جمع کرائے گئے جواب میں معذرت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے الفاظ واپس لینے کیلئے تیار ہیں۔
اگر عمران خان کیخلاف عدالتی فیصلہ آیا تو پھر فیصلہ عوام کریں گے: فواد چوہدری
09:58 AM, 31 Aug, 2022