ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون تقریباً ساڑھے چار سال بعد ایک بار پھر ہالی ووڈ میں واپسی کر رہی ہیں۔
دپیکا نے اپنے دوسرے ہالی ووڈ پراجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل اداکارہ نے 2017 میں ہالی ووڈ اسٹار ون ڈیزل کے ہمراہ فلم ’’ٹرپل ایکس؛ ریٹرن آف زینڈر کیج‘‘ میں کام کیا تھا۔ تاہم اس کے بعد اداکارہ کسی اور ہالی ووڈ پراجیکٹ میں نظر نہیں آئی تھیں اور اب ایک طویل عرصے بعد دپیکا نے اپنی دوسری ہالی ووڈ فلم سائن کی ہے جو ایک بین الثقافتی رومینٹک کامیڈی فلم ہے (فلم کا نام فی الحال منظر عام پر نہیں آیا ہے)۔ یہ فلم امریکی میڈیا کمپنی ایس ٹی ایکس گلوبل کورپوریشن کے تحت تیار کی جائے گی۔
ایس ٹی ایکس فلمز کمپنی نے ایک اور مشہور امریکی ٹیلی ویژن اور فلم پروڈکشن کمپنی ٹیمپل ہل پروڈکشن سے اس پروجیکٹ کی تیاری کے لیے بات کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا نہ صرف اس فلم میں کام کریں گی بلکہ وہ اپنے بینر ’’کا پروڈکشن‘‘ کے ذریعے اس فلم کو مشترکہ طورپر پروڈیوس بھی کریں گی۔ ایک بیان میں اداکارہ دپیکا نے کہا ’’کاپروڈکشن‘‘ کو بنانے کا مقصد بامقصد مواد تیار کرنا ہے۔
خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2020 میں فلم ’’چھپاک‘‘ کے ذریعے پروڈکشن کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اس پراجیکٹ کے علاوہ دپیکا بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کے ہمراہ 2015 میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’’دی انٹرن‘‘ کے بھارتی ری میک میں بھی نظر آئیں گی۔