حکومت سازی کیلئے طالبان کی سپریم کونسل کا اجلاس، اہم فیصلے

حکومت سازی کیلئے طالبان کی سپریم کونسل کا اجلاس، اہم فیصلے
سورس: فائل فوٹو

کابل : امریکی فوج کے مکمل انخلا کے بعد طالبان کی سپریم کونسل کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے کرلیے گئے ہیں۔

ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم کونسل کا 3 روزہ  اجلاس طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی زیر صدارت قندھار میں ہوا ۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان سے اچھے برتاؤ کا فیصلہ کیا گیا۔

  

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں نئی اسلامی حکومت اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔ سپریم لیڈر نے سب کو مکمل ہدایات دے دی ہیں اور ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کردیا ہے۔

 طالبان کی جانب سے تاحال حکومت سازی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا لیکن رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ ملابرادر سپریم کونسل کے اجلاس کے بعد قندھار سے کابل روانہ ہوگئے ہیں اور جلد ہی کابینہ کا اعلان متوقع ہے۔

خیال رہے کہ طالبان نے اعلان کیا تھا کہ آخری امریکی فوجی کے انخلا تک حکومت کا اعلان نہیں کیا جائے گا تاہم ڈیڈ لائن سے ایک دن قبل گزشتہ شب ہی امریکی فوج نے انخلا مکمل کرلیا ہے۔