وسیم اکرم غلط خبر چلانے پر بھارتی میڈیا پر برہم، کھری کھری سنا دیں

02:01 PM, 31 Aug, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم بھارتی میڈیا پر اپنے متعلق غلط خبریں دیکھ کر برہم ہو گئے اور انہیں کھری کھری سنا دیں۔ 
بھارتی میڈیا نے اپنی ایک خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ وسیم اکرم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بننے کے خواہشمند تھے لیکن وزیراعظم عمران خان نے ان کی بجائے رمیز راجہ کو یہ ذمہ داری سونپ دی جس پر وہ نالاں ہیں۔ 
وسیم اکرم اپنے متعلق یہ خبر دیکھ کر سیخ پا ہو گئے اور اسے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو کھری کھری سنا دی۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں لکھا ’برائے مہربانی ایسی جعلی خبریں پھیلانا بند کریں، پہلے اپنے ذرائع صحیح کریں پھر خبر دیں۔‘ 
انہوں نے لکھا کہ ’ ٹائمز آف انڈیا بھارت کے سر فہرست اور معتبر اخبارات میں سے ایک ہے اور ایسی بے بنیاد خبریں ادارے کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، چیئرمین پی سی بی کا عہدہ ایک خاص نوکری ہے اور مجھے اس میں کبھی دلچسپی نہیں تھی، خدا کا شکر ہے ، میں اپنی زندگی میں جہاں ہوں وہاں مطمئن ہوں۔‘ 


دلچسپ امر یہ ہے کہ وسیم اکرم کی جانب سے مذکورہ خبر پر برہمی کا اظہار کئے جانے کے بعد ٹائمز آف انڈیا نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا۔ 

مزیدخبریں