لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کو پرامن رہنے دے اسے پرتشدد نہ بنائے ۔ اطلاعات ملی ہیں لاہور ، گوجرانوالہ ، نوشہرہ ، ملتان ، سیالکوٹ ، راولپنڈی کینٹ میں دھاندلی ہوگی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ والٹن میں حکومت ترقیاتی کام ضرور کرے مگر الیکشن کے بعد کرے ۔ پی ٹی آئی امیدواروں کے ڈیروں پر لوگوں کے شناختی کارڈ نہ بنائے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ امیدواروں سے پبلسٹی مٹیریل کے نام پر جو پیسے مانگے جا رہے ہیں وہ غلط بات ہے ۔ سرکاری پارٹی ووٹوں کی خرید و فروخت کا دھندا بند کرے ۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس ، گورنر ہاؤس اور دیگر جگہوں پر حکومت کی میٹنگ ہوئی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کو احکامات جاری کئے جو ہم تک پہنچ چکے ہیں ۔ عوامی مینڈیٹ کو چوری کرنے کی پھر سازش تیار کرلی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ امیدوار اپنے حلقے میں ہر جگہ ووٹ نہیں مانگ سکتا ، کہا گیا جس امیدوار نے پینافلیکس لگانے ہیں وہ ایک لاکھ روپے جمع کرائیں ۔ کنٹونمنٹ بورڈ میں میٹنگ ہوئی ، تمام امیدواروں کو وہاں بلایا گیا ۔ اگر حکومت نے یہ معاملہ نہ روکا تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سی سی پی او پکڑ دھکڑ کے معاملے سے گریز کریں ۔ ہماری الیکشن لڑنے کی تیاری مکمل ہے ، ہمیں کسی ردعمل پر مجبور نہ کریں ۔ ریٹرننگ افسر کو پابند کیا جائے وہ قانون کے دائرے میں رہ کر اپنی ڈیوٹی کریں ۔
سعد رفیق نے کہا کہ جہاں سرکاری وسائل کا استعمال ہو رہا ہے الیکشن کمیشن اسے روکے ۔ حکومت پہلے ہی بارود کے ڈھیر پر بیٹھی ہے ، وہ اسے چنگاری نہ دکھائے ۔ کسی بھی طرح کی دھاندلی پر فوری ردعمل دیں گے ۔ سیالکوٹ والی غلطی کو لاہور میں نہ دہرایا جائے ، ورنہ نقصان ہوگا ۔ ہماری تیاری پوری ہے ، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومتی پارٹی کے ایک سینیٹر لوگوں میں پیسے تقسیم کر رہے ہیں ۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران کو حکومت کی طرف سے پریشرائز کیا جا رہا ہے ۔ حکومتی وزرا والٹن کے حلقوں میں مختلف کاموں میں مصروف ہیں ۔ حکومت کو 3 سال تک والٹن کے ایریا میں کوئی ڈویلپمنٹ نظر نہیں آئی ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے پولنگ 12 ستمبر کو ہی ہوگی نتائج کا اعلان 17 ستمبر کو ہوگا ۔ الیکشن کا وقت عموماً 9 سے 5 بجے تک ہی ہوتا ہے ۔ الیکشن شیڈول آیا تو اس پر 2 اعتراض تھے ۔ الیکشن کمیشن 12 ستمبر کو کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کا انعقاد کرارہا ہے ۔