پاکستان سپر لیگ کا اگلا سیزن شائد میرا آخری سیزن ہو: شاہد آفریدی

پاکستان سپر لیگ کا اگلا سیزن شائد میرا آخری سیزن ہو: شاہد آفریدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اگلا سیزن شائد میرا آخری سیزن ہو۔ 
شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں اب تک اپنے مداحوں کی وجہ سے کرکٹ کھیل رہا ہوں اور ہو سکتا ہے کہ پی ایس ایل کا ساتواں سیزن میرا آخری سیزن ہو، میری خواہش ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آخری سیزن کھیلوں، اگر ملتان سلطانز نے ریلیز کر دیا تو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرلوں گا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے کرکٹ کھیلنا بند کردی ہے اور کھلاڑیوں کیلئے بائیو سیکیور ببل بہت مشکل ہوجاتا ہے لیکن قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جس طرح بائیو سیکیور ببل میں رہتے ہوئے کرکٹ سیریز کھیلی ہیں، اس پر وہ داد کے مستحق ہیں۔ 
شاہد آفریدی نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں طالبان کے معاملات پہلے سے مختلف ہیں اور طالبان کرکٹ کو پسند کر رہے ہیں، کسی بھی سسٹم کو تبدیل کرنا ہے تو صرف چہرے تبدیل نہ ہوں، تبدیلی کا نعرہ گراس روٹ لیول سے ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ شاہد خان آفریدی کے پی ایس ایل کے اگلے سیزن کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت اختیار کی خبریں گردش کر رہی تھیں اور اب انہوں نے خود ہی اس خواہش کا اظہار کر دیا ہے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ ان کی خواہش پوری ہوتی ہے یا پھر انہیں کسی اور ٹیم کی نمائندگی کرنا پڑ ے گی۔