لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران قومی سکواڈ کے ارکان کو فیملی ساتھ رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت کیلئے قومی سکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا جہاں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد 10 ستمبر سے ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے قومی سکواڈ کا اعلان 7 ستمبر تک کئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سیریز میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے ہو گا اور میچ کی پہلی اننگز دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گی جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی جبکہ دوسری اننگز شام 6 بج کر 30 منٹ سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔
سیریز میں شامل ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کا ٹاس شام 6 بج کر 30 منٹ پر ہو گا اور میچ کی پہلی اننگز شام 7 بجے شروع ہو گی جو رات 8 بج کر 25 منٹ تک جاری رہے گی جبکہ میچ کی دوسری اننگز رات 8 بج کر 45 منٹ پر شروع ہو گی جو 10 بج کر 10 منٹ تک جاری رہے گی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران قومی کرکٹرز کو فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت مل گئی
12:49 PM, 31 Aug, 2021