واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ افغانستان چھوڑنے والا ہمارا آخری فوجی تھا۔
امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تصویر میں موجود فوجی میجر جنرل کرس ڈوناہو ہیں جو افغانستان سے واپس جانے والے آخری فوجی ہیں، وہ اس فوٹو میں سی 17 طیارے میں سوار ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا نے افغانستان میں گزشتہ 20 سال سے جاری جنگ سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے اپنی فوجوں کا انخلا مکمل کر لیا ہے۔
The last American soldier to leave Afghanistan: Maj. Gen. Chris Donahue, commanding general of the @82ndABNDiv, @18airbornecorps boards an @usairforce C-17 on August 30th, 2021, ending the U.S. mission in Kabul. pic.twitter.com/j5fPx4iv6a
— Department of Defense 🇺🇸 (@DeptofDefense) August 30, 2021
امریکی جنرل کیتھ ایف میکنزی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی صورتحال خراب ہونے کے بعد ہم نے اپنی پلاننگ کو تبدیل کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے طالبان پر واضح کر دیا تھا کہ اگر انخلا کے عمل میں کسی قسم کی مداخلت کی گئی تو اس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بی بی سی کے مطابق امریکا کا آخری طیارہ کابل ہوائی اڈے سے روانہ ہوتے ہی طالبان نے فتح کی خوشی میں شدید ہوائی فائرنگ کی جس سے پورا شہر گونج اٹھا۔ طالبان ساری رات شہر کی گلیوں میں گھومتے ہوئے فتح کا جشن مناتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور نیٹو نے آپریشن میں 6 ہزار امریکیوں سمیت ایک لاکھ تئیس ہزار شہریوں کا انخلا بھی یقینی بنایا گیا تھا۔ تاہم بہت سے ایسے افغان شہری جو اتحادیوں کیلئے کام کر رہے تھے، انھیں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر افغانستان چھوڑنے کا موقع نہیں مل سکا۔