لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کی منظوری کے بعد 53 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق پنجاب کی ضلعی عدلیہ اور ایکس کیڈر کورٹس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے 53 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد سعید نے ججوں کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سجاد حسین سندھڑ سمیت 24 اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو لاہور ہائی کورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جن میں ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، اٹک، گوجرانوالہ، گجرات، جھنگ، جہلم، ڈی جی خان، لودھراں کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ متعدد ایکس کیڈر کورٹس سے ججز کی خدمات واپس لیتے ہوئے انہیں مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز تعینات کر دیا گیا ہے۔ تعیناتی کے منتظر سیشن جج شاذب سعید کو ڈی جی جوڈیشل اینڈ کیس مینجمنٹ لاہور ہائی کورٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔