اتوار کے روز تائیوان میں ہونے والے پتنگ بازی کے ایک تہوار میں اس وقت خوفناک صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک تین سالہ بچی پتنگ کی دم کے ساتھ ہوا میں اڑ گئی۔
پتنگ بازی کے بین الاقوامی مقابلے میں پیش آنے والے اس واقعہ کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پتنگ کی دم میں الجھی ہوئی بچی ہوا میں جھول رہی ہے اور لوگ اس کو بچانے کیلئے پتنگ کے نیچے جمع ہیں۔ ویڈیو میں لوگوں کے چیخنے کی آوازیں بھی صاف سنائی دے رہی ہیں۔مقابلے میں شریک بہت سارے لوگ مل کر نارنجی رنگ کی بڑی پتنگ اڑانے کی کوشش کر رہے تھے جس کو چار لوگوں نے تھام رکھا تھا۔ ہوا اس قدر تیز تھی کہ بڑے پتنگ کو سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا۔
پتنگ جیسے ہی ہاتھ سے چھوٹی اس کی دم کے ساتھ بچی بھی ہوا میں چلی گئی جو30 سیکینڈ تک ہوا میں جھولتی رہی۔ پتنگ اتنی بلند تھی کہ ہاتھ یا کسی بھی طریقے سے اس کو پکڑا نہیں جا سکتا تھا۔کچھ دیرفضا میں گھومنے کے بعد ہوا کے زور سے بچی نیچے آگئی جس کو فیسٹیول میں موجود لوگوں نے زمین پر گرنے سے بچا لیا۔ بچی کو معمولی زخم بھی آئے۔ حادثے کے بعد فیسٹیول کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔