اسلام آباد: ملک بھر اور شہر اقتدار میں موسلادھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا تھا جس کے باعث اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔
قبل ازیں راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ سے تجاوز کر گئی تھی جس کے باعث اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپل ویز 11 بجے 1.5 فٹ تک کھولے جائیں گے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ آج راول ڈیم کے اسپل ویز کھولے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے نشیبی علاقوں اور ڈیم کے قریب آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی کیونکہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اسپل ویز سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے سواں کے کناروں سے پانی باہر آ سکتا ہے۔خیال رہے کہ راول ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1752 فٹ ہے۔اسپل ویز کھولنے سے قبل شہریوں کو الرٹ کرنے کے لیے سائرن بجائے گئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اورکشمیر میں بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ شب موسلا دھار بارش اور صبح کے وقت بھی بادل چھائے رہے۔محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیراور گلگت بلتستان میں بھی اکثر مقامات پر تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہو سکتی ہے۔