لندن : سمر سیٹ کلب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ٹی ٹونٹی بلاسٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کلب کی طرف سے کھیلیں گے۔
رواں سیزن میں بہت سے کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں اپنے کاؤنٹی معاہدوں کو چھوڑنے یا باہمی طور پر تحلیل کرنے کے باوجود پاکستان کے بابر اعظم ٹی 20 بلاسٹ کے لئے سمرسیٹ کی طرف سے کھیلیں گے۔ بابر اعظم پہلے ہی برطانیہ میں ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں۔
بابر اعظم کا 2 ستمبر کو سمرسیٹ سے رابطہ ہونا ہے اور اس کے بعد وہ 4 اکتوبر تک کلب کو دستیاب رہیں گے۔ بابر اعظم ٹی ٹونٹی بلاسٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے آخری سات لیگ میچز میں سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے۔ 25 سالہ بابر اعظم گزشتہ سال کلب کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔
انہوں نے گزشتہ سیزن 52.54 کی شاندار اوسط سے 578 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم نے کہا ہے کہ میں گزشتہ سال سمر سیٹ کے طرف سے کھیلتے ہوئے بہت لطف اندوز ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اب کلب میں شمولیت کے لئے بہت پر جوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت سمر سیٹ کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کر سکوں۔
کلب نے کہا ہے کہ ہم نے کووڈ 19 کے اثرات سے قبل شرائط طے کی تھیں جس پر بابر کے دستخط کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے بعد ڈومیسٹک اور ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے نظام الاوقات میں واضح طور پر تبدیلی کر دی گئی تھی۔ 2020ء فکسچر کی تصدیق کے بعد سے ہم ای سی بی کے ساتھ باہمی تعاون سے کام کر رہے تھے اور ہم پی سی بی کی طرف سے بابر اعظم کو این او سی دینے پر ان کے مشکور ہیں۔
کلب نے کہا ہے کہ پہلے ہی بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے انگلینڈ میں موجود ہیں اور ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں کلب کی نمائندگی سے یقیناً کلب کی مدد ہوگی اور ہم موجودہ چیلنجوں اور ان کی لچک کو سمجھنے پر بابر اور ان کی انتظامی ٹیم کے بے حد مشکور ہیں۔