لاہور: شہبازشریف نے کہا ہے کہ 27 دن سے کشمیریوں پرجو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں ان پر عالمی برادری کی بے حسی قابل افسوس اور تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ انصاف کا متعصبانہ اور جانبدارانہ استعمال دنیا کو تباہی کی طرف لے جائے گا، عالمی برادری نے کشمیریوں کی نسل کشی نہ رکوائی تو اپنے دفاع میں اسلحہ اٹھانے میں حق بجانب ہوں گے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں قابض افواج کے خلاف مظلوموں کو ہتھیار اٹھانے کی اجازت دیتی ہیں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں پربہیمانہ مظالم پر کشمیری نوجوان خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے۔
اپوزیشن لیڈر عالمی برادری سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خاموشی کشمیری نوجوانوں کو کیا پیغام دے رہی ہے؟ نسل کشی کے خطرے سے دوچار قوم اپنی بقاءاور دفاع کے لئے ہر حد تک جانے کا جواز رکھتی ہے، آج عالمی برادری اپنے وعدوں کا پاس نہیں کرے گی تو کل اسے کسی کو لیکچر دینے کا حق بھی نہیں ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بے گناہوں کا لہو بہنے سے نہ روکا گیا تو مظلوم کشمیری عالمی برادری کو بھی قاتل کا ساتھی سمجھیں گے، پاکستانی اور کشمیری اپنے بھائیوں، بہنوں پر بدترین مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، مغرب کو مشرقی تیمور اور ساؤتھ سوڈان کی فکر تھی تو پاکستانیوں کو کشمیریوں کی فکر ہے۔