مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر مودی کےخلاف ریلی نکالیں گے، شیخ رشید

04:40 PM, 31 Aug, 2019

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے قریبی دوست پیسے دینے کے لئے تیار ہیں، نواز شریف کے لوگوں کو بھی رقم کی ادائیگی کے لیے فیصلہ کرنا چاہئیے۔

تفصیلات کے مطابق، وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان این آراو کبھی نہیں کریں گے، اگر نواز شریف اور آصف زرداری پیسے دے دیں تو کچھ ہوسکتا ہے۔

وزیر ریلوے  نے کہا کہ  وفاق میں ن لیگ 2 بننے جارہی ہے، اس کی قیادت شہبازشریف کریں گے یا چوہدری نثار اس کا ابھی پتہ نہیں ہے۔

کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور فوج کشمیر کی خاطر کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہے، اگر بھارت آزاد کشمیر یا لاہور کی طرف بڑھے گا تو ہم اسمارٹ بم سے انہیں تباہ کر دیں گے۔ ان کا  کہنا تھا کہ  بھارتی میڈیا کل پورا دن مجھے کرنٹ لگنے کی خبریں چلاتا رہا ہے، یہ چاہتے ہیں کہ میں مر جاؤں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان میرے ساتھ مل کر مودی کےخلاف ریلی نکالیں گے، کشمیر پر ساری جماعتیں ایک ہونے جارہی ہیں۔

شیخ رشید نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان 6 ستمبر کو بہاولپوراسٹیشن کا افتتاح کریں گے جبکہ 7 ستمبرکو راجن پورڈی جی خان اسٹیشن کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔  محرم کے بعد کشمیر کی آزادی کے سلوگن  کے ساتھ 5 سے8 ٹرینیں چلائی جائیں گی، جبکہ جناح ایکسپریس کے کرایے میں 500 روپے کمی کررہے ہیں۔

 

مزیدخبریں