لاہور: محکمہ ریلوے کی غفلت سے سیکڑوں مسافروں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں ، اناڑی ڈرائیور رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا ذمہ دار نکلا جبکہ اسسٹنٹ ڈرائیور بھی غیر تربیت یافتہ ہے۔ گزشتہ روز ٹوبہ کے قریب حادثہ پیش آیا تھا جس میں 6 افراد زخمی ہو ئے تھے۔
فیصل آباد سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس جب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، ڈرائیور کی جانب سے ایمرجنسی بریک لگانے سے انجن اور چار بوگیاں پڑی سے اتر گئی تھی، تحقیقات سے پتہ چلا کہ مسافر ٹرین کو چلانے والا ڈرائیور پہلی بار مسافر ٹرین چلا رہا تھا جبکہ وہ پہلے مال گاڑی چلاتا رہا ہے، مال گاڑی کے ڈرائیور کو فورمین نے پسند کی بنیاد پر مسافر ٹرین پر روانہ کیا۔
2017 میں بھرتی ہونے والے اناڑی ڈرائیور صغیر اور اسسٹنٹ ڈرائیور غیر تربیت یافتہ تھے۔ ذرائع کے مطابق ٹرین کے ڈرائیور نے ٹرین قابو میں نہ ہونے پر وائرلیس کے زریعے قبل از وقت ہی اطلاع کر دی تھی جس پر اسے فوری طور پر محکمہ ریلوے کے مقامی حکام کی جانب سے ایمرجنسی بریک لگانے کا کہا گیا۔ دوسری جانب حادثہ کے بعد حکام کی جانب سے سپروائزر اور ڈرائیور کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔