موڈرچ یوئیفا کے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے

 موڈرچ یوئیفا کے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے
کیپشن: فوٹو بشکریہ اے پی

موناکو : کروشیا اور ریال میڈرڈ کے اسٹار لوکا موڈرچ کو فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر یوئیفا کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

یوئیفا کے سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے موڈرچ کا مقابلہ عالمی شہرت یافتہ کرسٹیانو رونالڈو اور مصر کے محمد صلاح سے تھا۔یہ ایوارڈ جیتنے کے بعد کروشین اسٹار سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ بیلن ڈی اور کے بھی مضبوط امیدوار بن گئے ہیں جو گزشتہ 10 سال کے دوران صرف لیونل میسی اور رونالڈو ہی جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

موڈرچ ناصرف رواں سال لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے والی ریال میڈرڈ کی ٹیم کے اہم رکن تھے بلکہ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت کروشیا کی ٹیم نے عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں اسے فرانس نے شکست سے دوچار کیا تھا۔

وہ موناکو میں منعقدہ ایوارڈ کی تقریب میں سیزن کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے جبکہ رونالڈو کو بہترین اسٹرائیکر قرار دیا گیا۔ریال میڈرڈ کے سرجیو راموس کو بہترین دفاعی کھلاڑی جبکہ اسی کلب کے کیلر ناوس بہترین گول کیپر قرار پائے۔

اس ایوارڈ کے حصول پر موڈرچ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد نے ہمیشہ میرے خوابوں کے حصول میں مدد کی اور جو کچھ بھی انہوں نے میرے لیے کیا اس کے لیے میں ان کا شکرگزار ہوں۔