ایمسٹرڈیم: پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو بڑی کامیابی حاصل ہوگئی۔ مسلمانوں کے احتجاج پر ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں تحریک لبیک نے اپنا دھرنا بھی ختم کر دیا۔
امریکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے رہنما گیرٹ ویلڈرزنے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے خلاف دنیا بھرمیں مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، پاکستان سمیت مختلف ممالک میں احتجاج کے باعث مقابلہ منسوخ کیا گیا۔
ڈچ رکن پارلیمنٹ نے تحریری بیان میں مقابلہ منسوخ کرنے کی تصدیق کر دی۔ مسلمانوں کے سخت ردعمل کو دیکھتے ہوئے ہالینڈ کے وزیر اعظم نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے اپنی حکومت کو الگ کر لیا تھا۔ وزیر اعظم مارک روٹے نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ گیرٹ ویلڈرز حکومت کے رکن نہیں اور نہ ہی یہ مقابلہ حکومت کا فیصلہ ہے۔
تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہالینڈ میں خاکوں سے متعلق مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا اس معاملے پر تحریک لبیک نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے اور ان میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ ہم نے کابینہ کی ہدایت پر اقدامات کیے اور گستاخانہ خاکوں کیخلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرار داد منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈچ وزیر خارجہ سے پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبات کا اظہار کیا اور ہالینڈ کی حکومت نے معاملے سے لاتعلقی کی وضاحت کی کہ حکومت کا خاکوں سے تعلق نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈچ وزیر خارجہ نے پیغام دیا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مقابلہ منسوخ ہونا اخلاقی فتح ہے۔ ہالینڈ کے سفیر کا پیغام آ گیا کہ ڈچ کے لوگوں کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے اس لئے انہوں نے یہ مقابلہ ترک کر دیا ہے۔ یہ معاملہ اب بھی عالمی فورمز پر اٹھائیں گے اور احتجاج بھی ضرور ہو گا کیونکہ ہم نے او آئی سی کے جنرل سیکرٹری سے تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترک وزیرخارجہ کو بھی اس حوالے سے خط لکھا ہے۔
انہوں نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے اور میں اس معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھانے کی کوشش کروں گا۔ انکا یہ بھی کہنا تھا ایسے واقعات انتہا پسندی کو فروغ دیتے ہیں اور ایسے معاملات سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں گے۔
اس موقع پر تحریک لبیک کے رہنما پیر افضل قادری کا کہنا تھا کہ دھرنا ختم کرتے ہیں، مطالبہ تھا کہ خاکوں کا مقابلہ روکا جائے۔