کولمبو: بھارتی ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق آسٹریلوی بلے باز ایڈم گلکرسٹ کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، اسطرح وہ زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے 13 ویں بلے باز بن گئے ہیں.
دھونی نے سری لنکا کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں 49 رنز کی اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا، گلکرسٹ نے 9619 رنز بنا رکھے تھے جبکہ دھونی نے 300 میچز میں 10 سنچریوں اور 65 نصف سنچریوں کی مدد سے 9657 رنز بنا رکھے ہیں.
ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 18426 رنز بنا رکھے ہیں، کمار سنگاکارا 14234 رنز کے ساتھ دوسرے، رکی پونٹنگ 13704 رنز کے ساتھ تیسرے، سنتھ جے سوریا 13430 رنز کے ساتھ چوتھے، مہیلا جے وردھنے 12650 رنز بنا کر پانچویں، انضمام الحق 11739 رنز کے ساتھ چھٹے، جیک کیلس 11579 رنز کے ساتھ ساتویں، سارو گنگولی 11363 رنز کے ساتھ آٹھویں، راہول ڈریوڈ 10889 رنز کے ساتھ نویں، برائن لارا 10405 رنز کے ساتھ دسویں، تلکارتنے دلشان 10290 رنز کے ساتھ گیارہویں اور محمد یوسف 9720 رنز کے ساتھ بارہویں نمبر پر موجود ہیں۔