سائفر گمشدگی کیس، ایف آئی اے کے چالان میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی قصور وار قرار

11:03 AM, 30 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  سائفر گمشدگی کیس میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئر مین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی قصوا وار قرار دے دیے گئے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرادیا۔

ایف آئی اے نے سائفر کیس کا چالان آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی عدالت میں جمع کرایا جس میں پاکستان تحریک انصاف  کےچیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع ے مطابق ایف آئی اے نے چالان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور  شاہ محمود قریشی کو ٹرائل کرکے سزا دینے کی استدعا کی ہے۔

 
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری اسد عمر ایف آئی اے کی ملزمان کی لسٹ میں شامل نہیں ہیں جبکہ چالان میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ایف آئی اے کے مضبوط گواہ ہیں اور اعظم خان کا 161 اور 164 کا بیان چالان کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔


ایف آئی کی جانب سے جمع کرائے گئے  چالان کے مطابق سائفر کاپی چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس پہنچی لیکن واپس نہیں کی گئی۔  چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر اپنے پاس رکھا اور اسٹیٹ سیکریٹ کا غلط استعمال کیا۔

ذرائع کے مطابق چالان میں عمران خان اور شاہ محمود کی 27 مارچ کی تقریر کا ٹرانسکرپٹ منسلک ہے اور اس کے ساتھ 28گواہوں کے 161 کے بیانات ریکارڈ ہونے کے بعد چالان کے ساتھ لگائے گئے ہیں۔


ایف آئی اے نے 28 گواہوں کی لسٹ چالان کے ساتھ سیکرٹ ایکٹ عدالت میں جمع کرائی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کے گواہوں میں سیکرٹری خارجہ اسد مجید، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ فیصل نیاز  ترمزی اور سائفر وزارت خارجہ سے لےکر وزیراعظم تک پہنچنے تک پوری چین گواہان میں شامل ہے۔

یاد رہے کہ رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفرکو اپنے ایک جلسے میں لہرایا تھاجس میں عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے تاہم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سائفر کو لے کر پی ٹی آئی حکومت کے مؤقف کی تردید کی جاچکی ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سائفر گمشدگی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی آئندہ سماعت اوپن کورٹ میں کرنے کا فیصلہ دے رکھا ہے۔

مزیدخبریں