ہانگزو: ایشین گیمز میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان کے اسپرنٹر گوہر شہباز نے چین کے شہر ہانگزو میں جاری ایشین گیمز میں 100 میٹر ریس میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
ایشین گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں 100 میٹرز کی ہیٹس کی دوسری دوڑ میں پاکستان کے گوہر شہباز 10.56کی ٹائمنگ کے ساتھ اپنی ہیٹ میں چوتھی پوزیشن پر رہے یہ اس سیزن میں گوہر شہباز کی بہترین ٹائمنگ ہے جس کے ساتھ انہوں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
اس دوران پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ شجر عباس 100 میٹر ہیٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔ سب کو توقع تھی کہ وہ تمغہ جیتیں گے لیکن وہ 10.59 کے وقت کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب پاکستان کی دونوں خواتین سپرنٹرز عروج کرن اور تمین خان 100 میٹر ریس میں پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔ 100 میٹر کی پہلی ہیٹ میں کرن نے 12.04 سیکنڈ کی اپنی ذاتی بہترین ٹائمنگ ریکارڈ کی لیکن یہ کافی نہیں تھا کیونکہ وہ چھٹے نمبر پر رہی۔
ایک اور 100 میٹر ہیٹ میں تمین بھی 12.42 کے وقت کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہی۔ 100 میٹر ہیٹ میں مقابلہ کرنے والے دونوں پاکستانی سپرنٹرز ٹاپ ایٹ میں جگہ نہ بنا سکے۔
دریں اثنا، خواتین کی 400 میٹر ہیٹ میں، پاکستان کی صاحبہ اسرا فائنل میں کوالیفائی کرنے سے آسانی سے محروم رہیں کیونکہ وہ کوالیفائی کرنے والی آخری سپرنٹر سے صرف 0.17 سیکنڈ پیچھے رہ گئیں۔ انہوں نے 400 میٹر کا فاصلہ 55.18 سیکنڈ میں مکمل کیا اور اپنی ہیٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مردوں کے 400 میٹر ہیٹ میں پاکستان کے اسد الرحمان نےبھی 48.60 سیکنڈز کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔
خواتین کی 10 ہزار میٹر کی دوڑ میں فرحت بانو آخری نمبر پر رہیں کیونکہ انہوں نے مقررہ فاصلہ 44 منٹ اور 32 سیکنڈز میں مکمل کیا۔ تاہم، 10 ہزارمیٹر کی دوڑ میں یہ ان کی ذاتی بہترین کارکردگی تھی۔