مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس پر خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم حملہ آوروں کیخلاف درج کرلیا گیا۔
آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا کہ دھماکے میں 6 سے 8 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے 12 ربیع الاول کے جلوس کے آغاز میں ہی اس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ شہید ڈی ایس پی نواز گشکوری نے حملہ آور کو روکا تو اس نے خود کو اڑا لیا۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
علی مردان ڈومکی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات درست سمت میں جارہی ہیں۔ دھماکے کے شدید زخمیوں کو علاج کے لئے کراچی منتقل کیا جائے گا۔
نگراں وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق پہلے سے کوئی تھریٹ نہیں تھی۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے لیے جمع ہونے والے افراد کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں کم از کم 52 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوئے