متحدہ عرب امارات اور امریکہ کی پاکستان میں خود کش حملوں کی شدید مذمت

08:28 AM, 30 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن:متحدہ عرب امارات اور امریکہ نے پاکستان کے صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والے دو دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

امارات کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امارات ان مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مستقل طور پر مسترد کرتا ہے جس کا مقصد انسانی اقدار اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔

 
وزارت نے پاکستانی حکومت، دوست پاکستانی عوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا پاکستان میں ہونے والے خود کش حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ 

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ امریکا بلوچستان، خیبر پختونخوا میں خودکش حملوں کی مذمت کرتا ہے۔


میتھیو ملر  کا کہنا تھا کہ پاکستانی بلاخوف و خطر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیاروں کو کھونے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مستونگ اور ہنگو میں خودکش حملوں میں 56 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے لیے جمع ہونے والے افراد کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں کم از کم 52 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوئے جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے سے مسجد کی چھت کے ملبے تلے دب جانے سے 4 افراد جاں بحق اور  12 افراد زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں