کوئٹہ: کوہلو کے مرکزی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ بلوچستان کے شہر کوہلو کے مرکزی بازار میں مٹھائی کی دکان پر ہوا جس کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے بعد دکان زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں کئی لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔