نیب سے پوچھا جائے کہ کس کے کہنے پر جھوٹے کیس بنائے: شاہد خاقان عباسی

11:09 AM, 30 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے پوچھا جائے کہ جھوٹے کیس کس کے کہنے پر بنائے گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب نے لوگوں کی زندگیاں خراب کیں، ایک دن ان کو حساب دینا ہو گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف کے نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے، نیب سے پوچھا جائے جھوٹے کیس کس کے کہنے پر بنائے گئے، جعلی کیس بنا کر عداتوں میں بھیج دئیے جاتے ہیں۔ 
سابق وزیراعظم نے کہا کہ قوانین میں ترمیم کے بعد بھی لوگوں کو ریلیف نہیں ملتا، نیب افسران سے پوچھا جائے کیس کس بنیاد پر بناتے ہیں، دوسروں کی تفتیش کرنے والے اپنا حساب بھی دیں۔ 
شاہد خاقان عباسی نے سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 4 سال کی غفلت 4 ماہ میں ٹھیک نہیں ہوتی، امید ہے آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔ 

مزیدخبریں