لاہور:پنجاب میں کم ویکسی نیشن کی شرح کے حامل اضلاع میں لاک ڈائون لگا دیا گیا،لاک ڈائون کا اطلاق یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک راولپنڈی کے علاوہ پنجاب کے تمام ایسے اضلاع میں ہو گاجہاں ویکسی نیشن کی شرح کم ہے ، مارکیٹ اور کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے اور اتوار کے دن مکمل چھٹی ہو گی۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کے مطابق صرف ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے 50فیصد آکوپینسی کے ساتھ ان ڈور ڈائننگ کی رات 11:59 تک اجازت ہو گی۔ آئوٹ ڈائننگ کی بھی رات 11:59 تک صرف ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے اجازت ہو گی۔ان ڈور شادیوں کی تقریبات صرف 200 ویکسی نیٹڈ افراد کی گنجائش کے ساتھ اجازت ہو گی۔
دوسری طرف آئوٹ ڈور شادیوں میں صرف 400 ویکسی نیٹڈ افراد کی اجازت ہو گی تمام مزارات پر صرف 30 سال سے زائد عمر کے ویکسی نیٹڈ افراد کو جانے کی اجازت ہو گی۔سینما گھر مکمل طور پر بند رہیں گے البتہ ان ڈوراجتماعات میں صرف200 ویکسی نیٹڈ افراد کی اجازت ہوگی۔
آئوٹ ڈور اجتماعات میں 400 ویکسی نیٹڈ افراد کی شرکت کی اجازت ہو گی۔کانٹیکٹ سپورٹس پر مکمل پابندی رہے گی،جم صرف ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے کھلیں گے، تمام نجی و سرکاری دفاتر 100 فیصد عملہ کے ساتھ کام کرسکیں گے۔
پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد ویکسی نیٹڈ مسافروں کے ساتھ ساتوں دن چل سکے گی، تفریحی مقامات 50 فیصد کپیسٹی کے ساتھ کھل سکیں گے۔ کنٹرولڈ سیاحت کے لیے صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو اجازت ہو گی، تمام تعلیمی ادارے ہفتے کے تین ،تین دن 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھل سکیں گے۔