اسلام آباد : ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تاریخی ٹیکس وصولیاں کیں ۔جولائی تا ستمبر 1395 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا جو کہ مقررہ ہدف سے 186 ارب روپے زیادہ ہے ۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق پہلی سہ ماہی کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1211 ارب روپے تھا ،پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس وصولیوں کی گروتھ میں 38.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ستمبر 2021 ء میں 535 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا، جبکہ پچھلے سال ستمبر میں 408 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا تھا ،ستمبر 2021 میں ٹیکس وصولیوں میں 31٫2 فیصد اضافہ ہوا ،ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کا 5829 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرلیا جائے گا ۔