لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی باگ دوڑ سابق کرکٹر کے ہاتھ آنے کے بعد مزید سابق کرکٹرز کو بھی اہم ذمہ داریاں ملنے کا قوی امکان ہے اور اس مقصد کیلئے معین خان اور عاقب جاوید مضبوط امیدوار ہیں۔
رمیز راجہ نے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے عہدہ سنبھالنے پر مصباح الحق اور وقار یونس مستعفی ہوئے جس کے بعد احسان مانی کے دور میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر تعینات ہونے والے وسیم خان نے بھی استعفیٰ دیدیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان نے اختیارات میں کمی کے باعث استعفیٰ دیا جسے پی سی بی نے قبول کر لیا اور اگر پی سی بی میں تبدیلیوں سے متعلق رمیز راجہ کے خیالات کی بات کی جائے تو انہوں نے اپنی پہلی پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اگر میں تبدیلیوں کی بات کروں تو 90 فیصد عملہ معطل ہوجانا چاہئے۔
وسیم خان کے استعفے کے بعد مزید اعلیٰ حکام کے مستعفی ہونے کی توقع بھی کی جا رہی ہے جس کے باعث نئے چہروں کی تعیناتی کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔ سابق کرکٹر معین خان اور عاقب جاوید جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے کوچز ہیں، پی سی بی میں اہم ذمہ داریوں کیلئے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔