شہباز شریف سے مشاورت نہیں ہوگی، چیئرمین نیب جاوید اقبال ہی رہیں گے

شہباز شریف سے مشاورت نہیں ہوگی، چیئرمین نیب جاوید اقبال ہی رہیں گے
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت کے بغیر چیئرمین نیب جاویداقبال کوتوسیع دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس معاملے پر اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے ۔وزارت قانون نیب چیئرمین کی توسیع دینے کے حوالے سے قانونی پہلوؤں پر کام کرر ہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ چیئرمین کو توسیع آرڈیننس کے ذریعے دی جائے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزارت قانون کو جلد آرڈیننس کا مسودہ صدر کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چند دن تک چیئرمین نیب کی  توسیع کا باضابطہ  اعلان کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مدت ملازمت 8 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے اور حکومت اپوزیشن کے خلاف کیسز ہونے کی وجہ سے ان کو ہی چیئرمین نیب کے طور پر توسیع دینا چاہتی ہے۔ 

اپوزیشن کی طرف سے چیئرمین نیب کو توسیع دینے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب متنازعہ ہوچکے ہیں۔ یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ اور چیئرمین نیب کو ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کیا جا رہا ہے جس کے باعث وہ حکومت کی کرپشن پر خاموش جبکہ اپوزیشن کے خلاف بے بنیاد ریفرنس بنا رہے ہیں۔