اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم گھبرائے ہوئے کرکٹرز کا حوصلہ بڑھانے لگے جنہوں نے نیشنل ٹی 20 کپ میں شریک قومی کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ٹی 20 ورلڈکپ کے ٹرائل نہیں ہو رہے، اس لئے بے خوف ہو کر نیچرل کھیل پیش کریں۔
راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی 20 کپ میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب کئی کرکٹرز کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، اعظم خان اور محمد حسنین توقعات کے بوجھ تلے دبے نظر آئے اور ناقص کارکردگی کی بدولت ہی سکواڈ میں تبدیلیوں کی خبریں بھی زیر گردش ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمد وسیم نے قومی کرکٹرز سے اسلام آباد کے ہوٹل میں ملاقات کے دوران ان کا کھویا ہوا اعتماد واپس لانے کی کوشش کرتے ہوئے باور کرایا کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں ٹرائل میچز نہیں ہو رہے، اس لئے کھلاڑی بے خوف ہو کر اپنے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کریں، صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش کرنا خود ان کے اپنے اور قومی ٹیم کے مفاد میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ بہتر پرفارم کر سکتے ہیں، بغیر کسی گھبراہٹ کا شکار ہوئے اچھا کھیل پیش کریں۔
چیف سلیکٹرمحمد وسیم ٹی 20ورلڈکپ کیلئے منتخب قومی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے لگے
04:24 PM, 30 Sep, 2021