لاہور: پاکستان میں مہنگائی کا طوفان موٹر سائیکلوں کی قیمتوں پر بھی اثرانداز ہو رہا ہے اور ہنڈا کے بعد اب یاماہا نے بھی رواں سال چوتھی مرتبہ اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
یاماہا کمپنی نے YB 125 Z، YB 125 Z DX، YBR 125 اور YBR 125 G کی قیمتوں میں 8 ہزار 500 روپے تک کا اضافہ کیا ہے جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔ یاماہا کی جانب سے رواں سال چوتھی مرتبہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
یاماہا YB 125 Z کی قیمتوں میں 8 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے اور اس کی نئی قیمت ایک لاکھ 84 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ YB 125 Z DX کی قیمتوں میں8 ہزار 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت ایک لاکھ 98 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح YBR 125 کی قیمتوں میں بھی 8 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مارکیٹ میں یہ 2 لاکھ 4 ہزار روپے میں دستیاب ہے جبکہ YBR 125 G کی قیمتوں میں 8 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی نئی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے رواں سال صرف دو مرتبہ، فروری اور پھر اگست میں اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتیں بڑھائیں۔ مجموعی طور پر سوزوکی موٹر سائیکلوں کی قیمت میں 9 ہزار روپے کا اضافہ ہوا جبکہ یاماہا موٹر سائیکلو ں کی قیمتوں میں رواں سال مجموعی طور پر 14 ہزار روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔