سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو کھانا دینے کی اجازت دیدی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو کھانا دینے کی اجازت دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو کھانا دینے کی اجازت دیدی ہے جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔ 
ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں اضافے کے باعث سی اے اے کی جانب سے اگست میں اندرون ملک پروازوں میں کھانا تقسیم کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اب یہ پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
حکام نے تمام ائیرلائن آپریٹرز کو اندرون ملک پروازوں کے دوران ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا ہے تاہم کھانے کے وقت ماسک اتارنے کی اجازت ہو گی اور اگلی ہدایات جاری ہونے تک ان پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ 
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم اکتوبر سے اندرون ملک فضائی سفر کیلئے بھی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا ہے۔ 
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر سے صرف وہی افراد پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں میں سفر کر سکیں گے جن کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ 
ترجمان کے مطابق مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کرتے وقت ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس چیک کئے جائیں گے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔