بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں طوفان اور تیز بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری  

11:18 AM, 30 Sep, 2021

کراچی: محکمہ موسمیات نے صوبہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہوائوں کیساتھ شدی بارش برسنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ حکام کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے دو سے تین روز کے دوران بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ اس وقت ہوا کا ایک کم دبائو بھارت کے علاقے جنوبی گجرات میں موجود ہے اور امکان ہے کہ وہ شمال مغرب کی جانب حرکت کرے گا جس سے بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دبائو پیدا ہوگا۔

اس سے جمعہ کے روز سمندری طوفان کا امکان ہے۔ اس موسمیاتی نظام کے زیر اثر آج سے ہفتہ کے روز تک تقریباً تمام سندھ میں شدید بارشوں اور طوفانی ہوائوں چل سکتی ہیں۔

اسی طرح آج سے اتوار تک بلوچستان کے اضلاع پنجگور،قلات،خضدار ،کیچ ،آواران ،لسبیلہ اور گوادر میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔

شدید بارشوں کے نتیجے میں کراچی ،بدین ،ٹھٹھہ ، حیدر آباد،دادو ،میر پور خاص ، شہید بے نظیر آباد ،لسبیلہ،سومیانی ،او مارو ،پسنی ،گوادر ،تربت اور جیوانی میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

کراچی میں محکمہ موسمیات کا سمندری طوفان کی پیشگی اطلاع کا مرکز صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے جو وقتاً فوقتاً طوفان کی تازہ صورتحال سے آگاہ رکھے گا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کی تشکیل ہو سکتی ہے۔ ماہی گیروں کو بھی شکار کیلئے سمندر میں جانے سے روک دیا گیا گیا ہے۔ دوسری جانب جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر چھوٹے سائز کے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کے ساتھ اضافی وزن لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکشن نے امتحانات 2 اکتوبر تک ملتوی کر دئیے ہیں۔ امتحانات اب نو، گیارہ اور بارہ اکتوبر کو ہوں گے۔

مزیدخبریں