ہیمبرگ : پاکستانی اداکار عمرشریف جرمنی میں نمونیا کا شکار ہوگئے ، انہیں نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ۔ امریکا روانگی میں مزید دو دن کی تاخیر کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق اداکار عمر شریف علاج کے لئے امریکا کےسفر پر ہیں ۔ایئر ایمبولینس کے ذریعے عمر شریف جرمنی پہنچے ۔ سفر میں تھکاوٹ اورکمزوری کی وجہ سے ان کو نمونیا نے گھیر لیا ۔جس کی وجہ سے ان کو نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دو روز تک عمر شریف کے بخار میں کمی آجائے گی جس کے بعد ان کو امریکا روانہ کردیا جائے گا ۔
امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ اسپتال میں عمر شریف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے عمر شریف کو مزید دو دن تک زیر علاج رکھنے کا اشارہ دے دیا ہے۔
ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے اور ان کا بخار ختم ہوگیا ہے جبکہ بلڈ پریشر بھی کنٹرول میں ہے ،ان کے ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔ اسپتال ڈاکٹرز نے تفصیلی رپورٹس میں انہیں نمونیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے لیے انہیں اینٹی بائیٹک دوا شروع کرادی گئی ہے۔
ڈاکٹر طارق شہاب کاکہنا ہے کہ نیورمبرگ نارتھ اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کی اجازت سے ہی عمر شریف کو امریکا کیلئے اگلا سفر کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اگلے سفر کی اجازت ملتی ہے تو نیورمبرگ سے روانگی کے بعد لگ بھگ ساڑھے 7 گھنٹے کے سفر کے بعد ائیر ایمبولینس آئس لینڈ کے کیفلاوک ائیر پورٹ پر اسٹاپ اوور کرے گی اور طیارے کی ری فیولنگ ہوگی جبکہ ممکنہ طور پر مریض کو ریسٹ کرایا جائے گا۔
ائیر ایمبولینس کمپنی ذرائع کے مطابق کیفلاوک سے آن کال انٹرنیشنل کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کینیڈا کیلئے روانگی کا فیصلہ عمر شریف کی صحت دیکھ کر کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کینیڈا کے گوس بے ائیرپورٹ پر بھی طیارے کا 2 گھنٹے کا اسٹاپ اوور شیڈول پر ہے۔ اگلے اور آخری مرحلے میں پرواز حتمی منزل واشنگٹن ائیر پورٹ پر لینڈ کرے گی اور پھر ائیر ایمبولینس سے عمرشریف کو امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا جائے۔