پاکستان میں لاکھوں افراد نشے کی لت میں مبتلا، نوجوانوں کی بڑی تعداد منشیات کی عادی  

Millions of people in Pakistan are addicted to drugs, a large number of young people are addicted to drugs
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ایوان بالا سینیٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں ہوشربا انکشاف کیا گیا ہے کہ 2012ء میں کئے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملک بھر میں نشے کی لت میں مبتلا افراد کی تعداد 69 لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی، اس کے بعد کبھی اس حوالے سے کوئی سروے نہیں کیا گیا۔

پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ سنہ 2012 کے سروے کے مطابق ملک میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد 64 لاکھ 80 ہزار ہے۔ انسداد منشیات فورس نے گزشتہ تین برسوں میں ملک میں تین لاکھ 72 ہزار 763 کلوگرام منشیات قبضے میں لی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نشئی صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد اکتیس لاکھ سے زائد ہے جبکہ صوبہ سندھ میں سترہ لاکھ نوے ہزار، خیبر پختونخوا میں بارہ لاکھ سات ہزار اور بلوچستان میں دو لاکھ 97 ہزار منشیات کی لت میں مبتلا ہیں۔

وزارت انسداد منشیات کی جانب سے سینیٹ کو بتایا گیا کہ 2012ء میں منشیات کے عادی افراد میں چونسٹھ لاکھ سے زائد افراد مختلف اقسام کا نشہ کرتے ہیں، ان میں سے 4 لاکھ 40 ہزار انجیکشن کے ذریعے نشے کا زہر اپنی رگوں میں اتارتے ہیں۔ اس وقت ملک میں 19 قسم کی منشیات استعمال ہو رہی ہیں۔

سینیٹ کو بتایا گیا کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے پاکستان کے بیشتر شہروں میں مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ نوجوانوں کو اس لت میں مبتلا کرنے والے منشیات فروشوں کیخلاف سخت ایکشن بھی کیا جاتا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کراتے ہوئے انھیں گرفتار کیا گیا، ان میں سے 2063 کو پانچ سال سے کم کی سزا، 228 افراد کو 9 سال، 64 کو دس سال سے زائد، 236 کو عمر قید اور آٹھ مجرموں کو موت کی سزا دی گئی۔