دبئی :وسطی چین کے شہر جیازو میں ایک خاتون ٹیچر نے اپنی ساتھی کیساتھ معمولی جھگڑے کے بعد کنڈر گارٹن کے 25 بچوں کو زہر دیدیا ،جس کے باعث ایک طالب علم کی موت واقع ہو گئی ،چینی عدالت نے نرسری کلاس کے بچوں کو انتقامی کارروائی کے دوران زہر دینے والی خاتون ٹیچر کو موت کی سزا دے دی،عدالت نے خاتون ٹیچر کی جانب سے نرسری کلاس کے بچوں کو زہر دینے کے عمل کو انتہائی سفاک و وحشیانہ قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون اساتذہ اس سے قبل اپنے شوہر کو بھی زہر دے چکی ہیں لیکن حیران کن طور پر وہ بچ گیا تھا ،وسطی چین کے شہر جیازو میں خاتون اساتذہ نے اپنی ساتھی کیساتھ معمولی جھگڑے کے بعد اس کے 25 طلبا کے ناشتے کو سوڈیم نائٹریٹ سے زہر آلود کر دیا ، بعد ازاں اس خاتون ٹیچر کو گرفتار کر لیا گیا ،جیاز و عدالت کا کہنا تھا کہ وانگ نے گزشتہ سال 27 مارچ کو اپنی ساتھی سے بدلہ لینے کیلئے اس کے 25 طلبا کے ناشتے میں سوڈیم نائٹریٹ ڈال کر زہر آلود کر دیا تھا جس کے باعث متعدد بچوں کی حالت غیر ہوگئی تھی ۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود 23 بچوں نے ناشتہ کھانے کے بعد قے اور بیہوش ہونا شروع کر دیا ،حکام کو بعد میں پتا چلا کہ بچوں کو زہر دیا گیا تھا ،ایک بچہ گزشتہ جنوری ہسپتال میں 10 ماہ گزرنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا تھا ۔
عدالت کا کہنا تھا کہ وانگ کے عزائم انتہائی خطرناک اور شیطانی تھے ،وہ سخت سزا کی مستحق تھی کیونکہ وانگ کے جرائم کے نتائج انتہائی سنگین تھے ۔