اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی پرزوردیاہے کہ اسلام مخالف پروپیگنڈے کی روک تھام کا عالمی دن مقررکیاجائے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد سے آن لائن خطاب کرتے ہوئےوزیر خارجہ نے اشتعال انگیزی ، نفرت اور تشدد کو بین الاقوامی سطح پر خلاف قانون قراردینے کابھی مطالبہ کیا۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ سوشل میڈیا اوراظہاررائے کی آزادی کی آڑ میں نفرت انگیز بیانات اور مواد کی اشاعت کے نتیجے میں یہ مسئلہ مسلسل شدت اختیار کرتاجارہاہے۔
انہوں نے کہاکہ یقینا اظہاررائے کی آزادی دوسروں کی بے حرمتی یا اُن کے جذبات کومجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتی انہوں نے کہاکہ مذہب یاعقیدے کی بنیادپرتشددکی ریاستی سرپرستی انتہائی پریشان کن اورتکلیف دہ ہے۔
شاہ محمودقریشی نے کہاکہ آج دائیں بازو اورفسطائی جماعتوں کے منشورمیں اسلام مخالف پروپیگنڈے کوقابل مذمت فعل نہیں سمجھاجارہا۔
انہوں نے کہاکہ اگرچہ اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحادنے گزشتہ کئی سال کے دوران قابل قدرکام کیاہے تاہم اس سلسلے میں اتحاد کوابھی مزیداہم کرداراداکرناہوگا۔
تہذیبوں کے درمیان تصادم کی آوازیں بدستورسنائی دے رہی ہیں اور ہم دنیابھرمیں مذہبی عقائدکی بنیادپرعدم برداشت، تفریق ،نسلی تعصب اورنفرت انگیزمواد کے پھیلائوجیسے واقعات مسلسل دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مذہبی رواداری ،باہمی افہام وتفہیم اورتعاون کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کرتارپورراہداری کھولنے کااقدام اس سلسلے کاتازہ ترین عملی ثبوت ہے جس کے ذریعے ہمارے ہمسایہ ملک اوردنیابھرمیں مقیم سکھوں کواپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئےدنیاکے اس سے بڑے گوردوارے تک آسان رسائی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔