لاہور:گلوکار اور اداکارعلی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم میں میشا شفیع سمیت 9ملزمان پر ایف آئی آردرج کرلی گئی ۔
ذرائع کے مطابق گلوکارہ میشا شفیع اور گلوکار علی ظفر کا معاملہ ایک نیا رخ اختیار کرگیاہے اور اب جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی میشا شفیع کیخلاف ہی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
میشا شفیع اور گلوکارہ لینا غنی،حسیم ازمان،عفت عمر،ہمنا رضا،ماہم،علی گل پیر،فریحہ ایوب اور فیضان رضا کیخلاف سوشل میڈیا علی ظفر کیخلاف چلائی جانے والی مہم کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 19اپریل 2018کو گلوکارہ میشا شفیع نے ٹوئٹر پر علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔ایف آئی آر میں درج کیا گیا ہے کہ میشا شفیع اپنے الزامات کو ثابت کرنے کیلئے کوئی گواہ یا ثبوت نہ پیش نہ کر سکیں۔ایف آئی اے کی خصوصی عدالت کے حکم پر مشتبہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کے سیکشن (1) 20 اور پاکستان پینل کوڈ کے آر/ڈبلیو 109 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔علی ظفر نے الزام لگایا تھا کہ اپریل 2018 میں میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزام سے ہفتوں قبل کئی جعلی اکاؤنٹس نے گلوکار کے خلاف مذموم مہم کا آغاز کیا تھا۔گلوکار و اداکار نے کہا تھا کہ ان میں سے اکثر جعلی اکاؤنٹس مبینہ طور پر میشا شفیع سے منسلک تھے۔