اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے دورہ امریکہ سے واپسی پر وفاقی کابینہ میں ردو بدل کا فیصلہ کرتے ہوئے اسد عمر کو ایک دفعہ پھر اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی اجلاس میں متعدد ایم این ایز نے وزراءکیخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے ،ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایک اہم فیصلے کے بعد 8سے 10وزراءکے قلمدان تبدیل اور نئے وزراءشامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم کے اہم فیصلوں میں اپنے اہم ترین کھلاڑی اسد عمر کو کابینہ میں شامل کرتے ہوئے انہیں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم بنائے جانے کا امکان ہے ،فردوس عاشق اعوان سے بھی وزارت واپس لے کر انہیں ندیم افضل چن کی جگہ ترجمان وزیر اعظم لگا یا جائے گا ،سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کو مشیر بنائے جا نے کا امکان ہے ،دوسری طرف شروع دن سے متنازعہ رہنے والے فواد چوہدری کی وزارت ایک دفعہ پھر خطرے میں نظر آرہی ہے اس سے قبل ان کے پاس وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان تھا ،اب فواد چوہدری سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر ہیں ۔
ایک اور اہم فیصلے کے مطابق وزیر اعظم نے جہاں وزراءکے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے وہیں پنجاب پولیس کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ 24گھنٹوں میں آئی جی پنجاب کو بھی تبدیل کیے جانے کا امکان واضح ہے ۔