واشنگٹن:معروف امریکی آن لائن میگزین پولیٹیکو نے بتایاہے کہ امریکی صدر کی سخت ویزا پالیسی کے اعلان کے بعد پاکستان بھی ان اسلامی ممالک میں شامل ہوگیاہے جن کے شہریوں کو امریکی ویزوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے رواں سال کے اوائل میں ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، شام ، یمن اور سوڈان کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کی تھی تاہم بعد میں عراق اور سوڈان کو فہرست سے خارج کرکے افریقی ملک چاڈ، شمالی کوریا اور وینزویلا کو شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان ان ممالک میں شامل نہیں تھا جن پر امریکا کی جانب سے سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں لیکن شہریوں کو ویزے کے اجرا میں واضح کمی آئی ہے۔امریکی آن لائن میگزین کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر 6 ممالک پر لگنے والی پابندی کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال 2016 کے مقابلے میں رواں سال 44 فیصد کی کمی آئی جن میں نمایاں ترین شام اور یمن کے شہری تھے۔
ٹرمپ کی سفری پابندی کی زد میں آنے عرب ممالک سے 16 فیصد کمی آئی جبکہ مسلم اکثریت رکھنے والے 50 ممالک کے شہریوں کو ویزے کی کمی 8 فیصد تک گر گئی لیکن دلچسپ بات یہ ہے مجموعی طور پر ویزے جاری کرنے کی تعداد بدستور برقرار رہی اور کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
پولیٹیکو کے مطابق ایران کے لیے جاری ہونے والے ویزوں کی تعداد میں گزشتہ سال مارچ 2016 سے اگست 2016 کے مقابلے میں رواں سال مارچ سے اگست تک 37 فیصد کمی آئی۔صومالیہ کے شہریوں کے لیے جاری ہونے والے ویزوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 42 فیصد کمی رپورٹ کی گئی ہے۔