اقوامِ متحدہ کا جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے ماہرین کو یمن بھیجنے کا فیصلہ

11:46 AM, 30 Sep, 2017

جنیوا:سعودی عرب کو باغیوں کے خلاف بڑی کامیابی مل گئی،اقوامِ متحدہ نے یمن میں جاری خانہ جنگی کے دوران فریقین کی جانب سے مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے کے لیے تفتیش کار بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے ایک قرار داد منظور کی جس میں قابلِ احترام ماہرین کا ایک گروہ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

یہ فیصلہ مغربی طاقتوں اور سعودی عرب سمیت عرب ریاستوں کے ایک گروہ کے درمیان کیا جانے والا ایک سمجھوتہ ہے۔سعودی قیادت میں عرب اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف یمنی حکومت کی کارروائی میں مدد کر رہی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق مارچ 2015سے شروع ہونے والے اس خانہ جنگی میں اب تک 8530افراد جن میں 60فیصد شہری ہیں مارے جا چکے ہیں جبکہ 48800لوگ فضائی حملوں اور لڑائی میں زخمی ہوئے۔اس جنگ کے باعث دو کروڑ ستر لاکھ افراد کو انسانی امداد کا محتاج بنا دیا ہے اور یہاں پر خوراک کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی۔

اس کی وجہ سے اپریل سے اب تک سات لاکھ لوگ ہیضے کا شکار ہو چکے ہیں۔سعودی عرب نے گذشتہ برسوں کے دوران اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کو اس بات پر راضی کر لیا تھا کہ یمن کے اندر سے کی جانے والی تحقیقات زیادہ موزوں رہیں گی۔سعودی عرب اور اس کے اتحادی یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک کے حامیوں پر بمباری کرتا رہا ہے۔

اس سلسلے کا آغاز سنہ 2015 میں اس وقت شروع ہوا جب حوثیوں نے یمن کے شمالی حصے پر قبضہ کرنا شروع کیا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ زید رعد الحسین نے ادارے کے 47 ارکان سے وعدہ کیا ہے کہ وہ جنگ کی آزاد تحقیقات کرائیں گے جس میں ہزاروں افراد مارے گئے، یمنی معیشت تباہ ہو گئی اور لاکھوں افراد قحط کے دہانے پر پہنچ گئے۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اس کا فوجی اتحاد دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہا ہے اور یمن کی اصل حکومت کی مدد کر رہا ہے۔جنیوا میں طے پانے والے معاہدے کے تحت عالمی اور علاقائی ماہرین کا گروہ یمن میں تشدد اور استحصال سے متعلق تمام طرح کے الزامات کی تحقیقات کرے گا۔

یہ گروہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور استحصال کے حوالے سے حالات و واقعات سے متعلق حقائق اکٹھے کرے گا اور جہاں ممکن ہوا اس کے ذمہ داروں کا بھی تعین کرے گا اقوامِ متحدہ میں انسانی حقوق کے کمشنر زید رعد الحسین نے بھی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ انکوائری کمیشن کی منظوری دے کیونکہ انہیں یمن کی اندرونی تحقیقات کے غیر جانبدار ہونے پر شبہ ہے۔

اس سے پہلے جمعے کو انٹرنیشنل ریڈ کراس نے کہا تھا کہ لڑائی کے دوران فریقین کی جانب سے کیے جانے والے میزائل اور فضائی حملوں میں عام شہریوں کی کثیر تعداد ہلاک ہوئی ہے۔آئی سی آر سی نے کئی بار خبردار کیا ہے کہ یمن میں حالات تباہ کن ہیں اور خدشہ ہے کہ ہیضے سے متاثرہ افراد کی تعداد اس سال کے اختتام تک نو لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

مزیدخبریں