لاہور: سعودی عرب کی تیل کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے پاکستان میں اپنے پہلے فیول اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ فیول اسٹیشن لاہور کے گلبرگ کمرشل ایریا میں نور جہاں روڈ پر قائم کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں آرامکو اور گو پیٹرولیم کے اسٹاف کے ساتھ مقامی افراد بھی شریک ہوئے۔
آرامکو نے ایک ماہ قبل گیس اینڈ آئل پاکستان (گو لمیٹڈ) میں 40 فیصد حصص کے حصول کے لیے معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد اب لاہور میں اپنا پہلا فیول اسٹیشن شروع کر دیا ہے۔ اس شراکت داری سے پاکستان میں اعلیٰ معیار کے ایندھن کی فراہمی کی توقع کی جا رہی ہے۔
آرامکو کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے پراڈکٹس اینڈ کسٹمرز یاسر ایم مفتی نے اس موقع کو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے اس سال پاکستان کے لیے 5 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کو تیز کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔