پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی راہ ہموار کریں گے: وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی راہ ہموار کریں گے: وزیراعظم شہباز شریف

ریاض: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ حالیہ ملاقات انتہائی مفید رہی، اور دونوں ممالک مل کر ترقی و خوشحالی کی منازل طے کریں گے۔

ریاض میں سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح اور مشیر شاہی دیوان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے مالی تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے سمجھوتوں کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے ہی عمل شروع ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے فیوچر انویسٹمنٹ اینیشیٹو کو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سعودی عرب کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت فراہم کریں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد پاکستان اور پاکستانی عوام کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں، اور آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں سعودی عرب کے تعاون کو انتہائی قیمتی سمجھا۔ 

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ 

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں طے پانے والے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے کچھ منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، اور وہ آئندہ ماہ کے وسط میں دوبارہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی میزبانی ایک اعزاز ہے اور ان کی ولی عہد سے ملاقات نتیجہ خیز رہی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ طے پانے والے سمجھوتوں کے تحت سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، اور 27 سمجھوتوں میں سے پانچ پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔

مصنف کے بارے میں