بلوچستان : سرکاری سکول کا کلرک طلبا کی امتحانی فیس کے23لاکھ آن لائن جوئے میں ہارگیا

01:53 PM, 30 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

ژوب : بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک اسکول کلرک نے امتحانی فیس کے 23 لاکھ روپے جوئے میں ہار کر 800 سے زائد طلبہ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا۔

 کلرک نے گورنمنٹ ماڈل اسکول ژوب کے نویں اور دسویں جماعت کے 878 طلبہ کی فیس جمع کی تھی، لیکن اس نے یہ رقم آن لائن جوئے میں گنوا دی۔

اس واقعے کی اطلاع ملنے پر اسکول کے پرنسپل نے کلرک کے خلاف مقدمہ درج کرایا، جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ کلرک نے 23 لاکھ 15 ہزار روپے جوئے میں ہارے، جس کا پتہ اسکول انتظامیہ کو 26 اکتوبر کو چلا۔

بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے میٹرک کی فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ہے، اور اگر فیس وقت پر جمع نہیں ہوتی تو طلبہ کے امتحان میں شرکت متاثر ہو سکتی ہے، اس صورتحال نے طلبہ میں کافی پریشانی پیدا کر دی ہے۔

تاہم، بلوچستان بورڈ کے چیئرمین اعجاز بلوچ نے طلبہ کی مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں امتحانی فیس جمع کرانے کے لیے 10 دن کی رعایت دے دی ہے۔

مزیدخبریں