اسلام آباد :اسلام آباد اور گردونواح میں آج بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوا، جبکہ درجہ حرارت میں کمی آنے سے سردی بڑھ گئی ہے۔ پیشگوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
ہری پور اور اس کے گردونواح میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔ بالاکوٹ اور وادی کاغان سمیت شمالی علاقوں میں برفباری نے پہاڑوں کو سفید چادر میں لپیٹ دیا ہے۔ وادی نیلم کے سیاحتی مقام رتی گلی اور اس کے اردگرد برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سیاحوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ اس برفباری کے نتیجے میں رتی گلی جھیل اور دیگر سیاحتی مقامات کے دلکش نظاروں نے علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
حکام نے بارش اور برفباری کے دوران سفر کرنے والے سیاحوں اور مقامی افراد کو محتاط رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ محفوظ رہیں۔