گیس کی قیمتوں میں اضافہ،پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے فکس چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کردیے گئے

10:55 PM, 30 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیاگیا۔ پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے فکس چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کردیے گئے ہیں۔وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا اور گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 25 سے 90 مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے قیمت نہیں بڑھائی گئی تاہم پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے فکس چارجز 10 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کردیے گئے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کےلیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا جبکہ ماہانہ 25 مکعب میٹر کے صارفین کےلیے قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور ماہانہ 60 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 300 سے بڑھ کر 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 400 سے بڑھا کر 1000روپے، ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے اور ماہانہ 200 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 800 سے بڑھا کر 1600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے۔


ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق نگران حکومت اگر گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتی تو گردشی قرضہ 400 ارب روپے مزید بڑھ جاتا۔

مزیدخبریں