لاہور :سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ محسن نقوی نواز شریف کا نمائندہ ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور نگران وزیر اعلیٰ گانے بجانے کی محفلیں سجا رہے ہیں۔
عدالت پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔۔یہاں کیئر ٹیکر ”لاہور میلہ“ کے نام سے جشن منا رہی ہے۔غزہ میں بھوکے پیاسے بچے بموں کا نشانہ بن رہے ہیں اور بے حس کیئر ٹیکر وزیراعلیٰ گانے بجانے کی محفلیں سجا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی مظالم پر احتجاج کی بجائے بے شرم حکمران تالیاں بجا رہے ہیں۔ اپنی نااہلی اور بے حسی سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کیلئے رقص و سرود کی محافل سجائی جا رہی ہیں۔یہ وقت فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے گانے بجانے کی محافل میں فری داخلہ کی دعوت کا نہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ فلسطین پر مظالم سے ان کو کیا غرض، یہ ”لہور لہور اے“ کے نام سے 16 روزہ میوزک فیسٹیول سجا کر کس کو دھوکہ دے رہے ہیں۔معصوم بچوں اور بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر میوزک کنسرٹ نے نگران حکومت کی بے حسی اور شرمناک رویہ کا پردہ چاک کر دیا۔