اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، 450 کلو منشیات برامد، 10 ملزمان گرفتار

01:26 PM, 30 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک گیر 9 کارروائیوں میں اے این ایف نے 450 کلو گرام منشیات برامد کر کے 10 ملزمان گرفتار کر لیے۔ 

ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق پہلی کارروائی کے دوران موٹر وے اسلام آباد کے قریب پشاور کا رہائشی ملزم گرفتار کر لیا گیا، ملزم 4 کلو 800 گرام چرس گاڑی میں چھپا کر اسمگل کر رہا تھا۔ راولپنڈی 26 نمبر چونگی پر دوسری کاروائی میں گاڑی سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ دوران کاروائی نوشہرہ کا رہائشی ملزم بھی گرفتار کر لیا گیا۔ 

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران کوئٹہ سے کراچی بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سپر ہائی وے کراچی پر انار سے بھرے ٹرک سے  306 کلو چرس برآمد  کر کےکراچی کا رہائشی مُلزم موقعہ پر گرفتار کر لیا گیا۔ 

 آر سی ڈی ہائی وے کراچی پر ٹرک میں چھپائی گئی 57 کلو چرس برآمد کر لی گئی جبکہ ملزم بھی گرفتارکر لیا گیا۔ اسی طرح  جی ٹی روڈ نوشہرہ پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 12 کلو افیون اور 60 کلو چرس برآمد کر کےنوشہرہ، میانوالی اور چنیوٹ کے رہائشی 3 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ 

ترجمان اے این یف نے بتایا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 214 گرام آئس بھرے کیپسولز برآمد ہوئی۔ اوکاڑہ کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-766 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ اسی طرح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک اور مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 476 گرام آئس برآمد ہوئی۔  خیبرپختونخوا کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر PK-279 کے ذریعے دوحہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔

 اے این ایف کے ترجمان کا بتانا ہے کہ  ڈی ایچ اے فیز 3 لاہور میں مکان پر چھاپے کے دوران 1 کلو 50 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران ملتان ایئرپورٹ پر مظفر گڑھ کے رہائشی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 100 گرام نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ 

ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں