لاہور : قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر ، کپتان اور ہیڈ کوش وقار یونس نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پرسنل واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے کے معاملے پر آواز اٹھا دی ہے۔
پاکستان کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کی جانب سے پی سی بی کے بڑوں کے بابر اعظم کے میسجز کا جواب نہ دینے کے دعوے کے بعد سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ معاملہ زیر بحث ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں بابر اعظم کی سی ای او پی سی بی سلمان نصیر کے ساتھ پرسنل چیٹ دکھائی جسے لائیو شو کے دوران ٹی وی پر نشر بھی کیا گیا۔
اس معاملے پر پروگرام کے میزبان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہم یہ چیٹ نہیں دکھانا چاہتے تھے لیکن جب ذکا اشرف نے لائیو شو کے دوران کہا کہ آپ دکھائیں تو اس وقت ہم نے اسے دکھانے کا فیصلہ کیا جو کہ ہمیں نہیں کرنا چاہیے تھا، اگر ہمارے اس اقدام سے کسی کی بھی دل آزاری ہوئی ہے تو ہم اس پر معذرت خواہ ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کی جانب سے بھی بابر اعظم کی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے کے معاملے پر سوال اٹھایا گیا کہ کیا چیٹ دکھانے سے پہلے بابر اعظم سے اجازت لی گئی۔
اب پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی سوشل میڈیا پر اس معاملے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا سوال پوچھا کہ یہ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں آپ لوگ؟
وقار یونس نے نجی ٹی وی کے پروگرام کا کلپ بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک نہایت ہی مضحکہ خیز عمل ہے۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر نے لکھا کہ خوش ہو گئے آپ لوگ، برائے مہربانی بابر اعظم کو اکیلا چھوڑ دیں، وہ پاکستان کرکٹ کا ایک اثاثہ ہیں۔