لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ بیک ڈور مذاکرات ہو رہے ہیں۔ عمران خان کے لانگ مارچ کو ضرور کامیابی ملے گی۔ ہر ضلع میں نئی ٹیم آ رہی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ انشاء اللہ عمران خان کو کامیابی ہوگی۔لانگ مارچ کیلئے ہر ضلع میں نئی ٹیم آتی ہے اور لانگ مارچ کے شرکاء گجرات میں بھی قیام کریں گے۔ جب بھی لانگ مارچ ہوئے ہیں مذاکرات تو بیک ڈور پر ہوتے ہیں اوربیک ڈورپر مذاکرات ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن سے پاکستان ترقی کرے گا۔ شہبازشریف صرف پریس کانفرنس اورباتیں کرتے ہیں۔ عمران خان عملی سیاست کررہے ہیں. شہبازشریف نے کام نہیں کرنا،صرف باتیں کرنی ہیں یا پھر پیسے مانگنے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے ۔منصوبےکی تکمیل سےشہریوں کو آمدورفت میں آسانی اور وقت کی بچت ہوگی۔سی بی ڈی بلیوارڈ پرتقریباً4ارب20کر وڑ روپے لاگت آئے گی اوریہ منصوبہ لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب اور پاکستان بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے متعلقہ امور میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ آفس میں سی بی ڈی میں سرمایہ کاری کے امورکو فاسٹ ٹریک پر چلانے کیلئے علیحدہ سیل بنایا جائیگا۔ہماری حکومت پنجاب میں جتنے منصوبے شروع کررہی ہے، اس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبے کو ڈویلپ کیا جارہاہے۔عمران خان چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار دبئی کو بھول کر سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں انویسٹ کریں۔عمران خان کے ویژن کے مطابق سی بی ڈی میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو ہر طرح کی سہولتیں دینگے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موٹروے قصورسے ہوکرپاکپتن،اوکاڑہ اوربہاولنگر تک جائے گا۔بہاولنگر سے یہ سڑک بہاولپوراوررحیم یار خان کو ملائے گی اورپھر اس کے ساتھ سندھ کو لنک کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ملازمتوں پر پابندی کو اٹھا لیا ہے۔ملازمتوں کی بھرتی کے اشتہارات آرہے ہیں۔پنجاب میں 5نئےضلع بنائے ہیں۔ لاہورکے بھی تین نئے ضلع بنارہے ہیں۔لاہور کے نئے ضلع میں قصور کا کچھ حصہ بھی شامل کیا جارہا ہے اوراسے موٹر وے سے بھی لنک کرینگے۔