لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نے سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں گرفتار سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کا 2 روزہ کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردار دوست محمد مزاری کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی ۔
اینٹی کرپشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرنے کیلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوست مزاری نے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مجھے آئین کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی جا رہی ہے لیکن میں آئین کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
واضح رہے کہ سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری پر سرکاری زمین پر قبضے کا الزام ہے اور انہیں گزشتہ روز اینٹی کرپشن پنجاب نے لاہور کے نجی ہسپتال سے گرفتار کیا تھا۔
اس حوالے سے ان کے کزن شباب مزاری نے کہا تھا کہ دوست مزاری نجی ہسپتال میں اپنے دادا اور سینئر سیاستدان و سابق وزیراعظم بلخ شیرمزاری کی عیادت کیلئے آئے تھے۔